ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل سرکاری اسپتال میں خون عطیہ کیمپ ، 71 لوگوں نے کیا خون کا عطیہ

بھٹکل سرکاری اسپتال میں خون عطیہ کیمپ ، 71 لوگوں نے کیا خون کا عطیہ

Tue, 23 Mar 2021 20:10:35    S.O. News Service

بھٹکل:23؍مارچ  (ایس اؤ نیوز)معاشرےمیں اساتذہ کی ایک خاص اہمیت ہے، جب کبھی اساتذہ کی طرف سے کوئی پیغام ارسال کیاجاتاہے تو وہ معاشرےمیں نتیجہ خیز اثر کرتاہےاور حالات کو بدلنے میں معاون ہوتاہے۔ ان خیالات کااظہار بھٹکل تعلقہ اسپتال کی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت نے کیا۔

وہ یہاں تعلقہ اسپتال میں ریاستی پرائمری اسکول اساتذہ سنگھا ، مرڈیشور لائنس کلب ، تعلقہ اسپتال بھٹکل اور اُڈپی بلڈ بینک کے اشتراک سےمنعقدہ رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ کا افتتاح کرنےکے بعد خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نےکہاکہ اب عوام میں خون عطیے کے متعلق بیداری پیدا ہورہی ہے۔ یہ صرف خون عطیہ کرنےو الوں کے لئے ہی نہیں بلکہ جنہیں خون کی ضرورت ہے ان کے لئےبھی بہتر اور معاون ہونگے۔ اسپتالوں میں مختلف آپریشنوں کے دوران خون کی ضرورت ہوتی ہے، چونکہ ہمارے ہاں خون عطیہ کیمپ زیادہ ہوتےہیں اور سرکاری اسپتال کے خون ذخیرہ اندوزی مرکز میں خون محفوظ کرلیاجاتاہے اور ضرورت ہونےپر اُڈپی سے بھی خون مانگ لیتےہیں۔

علاقائی وسائل افسر یلما نے اپنے خیالات کااظہار کرتےہوئے  بتایا کہ عوام میں اساتذہ کے متعلق بہت ساری غلط فہمیاں ہیں ، آج کا یہ خون عطیہ کیمپ ان غلط فہمیوں کو دور کرنےمیں معاون ہوگا۔ اُڈپی بلڈ بینک کی  ڈاکٹر وینا کماری نے کہاکہ پہلے  بھٹکل میں کبھی کبھار ہی خون عطیہ کیمپ کا انعقاد ہوتا تھا لیکن  آج کل مہینےمیں دو دو کیمپ منعقد ہورہےہیں جو ایک خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے اسی طرح طلبا میں بھی خون عطیہ کے متعلق بیداری پید اکرنےکی بات  کہی۔

ریاستی پرائمری اساتذہ سنگھا کے صدر موہن نائک نے   کہاکہ اساتذہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ دیگر سماجی و فلاحی خدمات انجام دے رہےہیں۔ جس کے لئے اساتذہ سنگھا  کی ستائش کی جانی چاہئے۔  ضلعی صدر آنند گاؤنکر نے خون عطیہ کے ساتھ اعضاء بھی  عطیہ کرنےکے متعلق بیداری پیدا کرنے کی بات  کہی۔

کیمپ میں کل 71لوگوں نے خون کا عطیہ کیا۔ سنگھا کے صدر اُلاس نائک نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔سکریٹری محمد رفیق نے استقبال کیا۔  نائب صدر پی اے گومس نے شکریہ اداکیا۔ ناگیش مڈیوال نے نظامت کی۔مرڈیشورلائنس کلب کے صدر گوریش نائک، ہوناور کے ایم جی نائک، پرکاش شرالی وغیرہ موجود تھے۔


Share: